فائرنگ و دیگر واقعات میں 13 افراد جان کی بازی ہارگئے

84

کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات وواقعات میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے دیگر واقعات میں 11افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک فور عائشہ منزل کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے کباب جی بیکرز کے سامنے سروس روڈ پربائیک کے ساتھ کھڑے نوجوان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے فائرنگ کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار رضوان حسین ولد اقبال موقع پرہلاک ہوگیا۔ الفلاح کے علاقے ملیر الفلاح سوسائٹی افضال ہوٹل کے قریب گھر میں جھگڑے کے دوران چھری کے پے درپے وار سے 22سالہ شاہ حسن ولد عزیز الرحمان شدید زخمی ہوگیا جسے ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔بریگیڈ کے علاقے خداداد کالونی کوئلہ کڑاہی کے قریب رہائشی اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ سے 5 سے 6 روز پرانی ضعیف العمر شخص کی لاش برآمد ہوئی،پولیس کے مطابق لاش کی شناخت 60محمد تصدق غوری ولد صادق غوری کے نام سے ہوئی پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی۔نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ڈمپر نے ٹیکسی کو کچل دیا خاتون ، مرد جاں بحق ہوگئے خاتون اور 02 بچے زخمی ہوئے ۔ شیرشاہ تھانے کی حدود پنکھا ہوٹل پیتل گودام کے قریب 55سالہ شخص کی لاش ملی۔سرجانی ٹاون تھانے کی حدود سرجانی سیکٹر ایل ون مدینہ ٹریس کے قریب35سالہ شخص کی لاش ملی ۔ خداداد کالونی میں فلیٹ سے کئی روز پرانی ایک شخص کی لاش ملی۔ عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی نمبر 5نذد ماڈل پارک کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی کولی لگنے سے 6سالہ حسان ولد عرفان زخمی ہوگیا ۔بغدادی کے علاقے لیاری کھڈہ مارکیٹ حبیب بیکری کے قریب رہائشی عمارت سے کئی روز پرانی تعفن زدہ 55 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی۔سولجربازار کے علاقے نمائش چورنگی سیدالشہداامام بارگاہ کے قریب فٹ پاتھ سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار کالا گیٹ کے قریب فٹ پاتھ سے50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔جبکہ اسی تھانے کی حدود ریکسل اٹک پمپ کے قریب فٹ پاتھ سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ۔عید گاہ کے علاقے رنچھوڑ لائن وحید ٹائر شاپ کے قریب فٹ پاتھ سے30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی سپرہائی وے فقیرا گوٹھ گلی نمبر 18 کے قریب فٹ پاتھ سے50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔