چرس برآمدگی کیس‘پولیس اہلکاروںسمیت 3مجرموںکوعمرقید

72

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج غربی نے پولیس اہلکاروں کے خلاف 18 کلو سے زائد چرس برآمدگی کیس میں جرم ثابت ہونے پر دو پولیس اہلکاروں سمیت تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔ ملزمان میں علی رضا،شاہد خان اور خان زمان شامل ہیں ,عدالت نے ملزمان پر ایک ،ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے ،عدالت کا کہناتھا کہ جب پولیس اہلکار اس طرح کے جرائم میں ملوث ہوں تو عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے ،جب ایک سے زائد پولیس اہلکارکسی جرائم میں ملوث ہوں تو وہ ایک منظم گروہ بن جاتا ہے ،چرس کی ٹرانسپورٹیشن میں استعمال ہونے والی گاڑی کی ملکیت کا دعویٰ کسی نے نہیں کیا ،چرس کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ سرکاری وکیل کا کہناتھا کہ ملزمان کو یکم اپریل 2023 کو موچکو کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا،ملزمان کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان حب کے راستے چرس کراچی اسمگل کررہے تھے ،ملزمان جس گاڑی میں سوار تھے اسکی تلاشی کے دوران 18 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی تھی۔