۔26 لاکھ گھروں کو مفت سولر فراہم کریںگے‘سندھ حکومت

62

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے 26 لاکھ گھروں کو مفت سولر فراہم کرے گی، جبکہ جلد ہی آسان اقساط پر عام لوگوں کو سولر کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ایم کیو ایم آج کل جن حالات کا شکار ہے وہ سب کو معلوم ہے، ان کو تنقید کا حق ہے اور ہم اس کا جواب بھی دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کی جانب سے ان اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دئیے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیاسعید غنی نے کہا کہ اس وقت بجلی کا بحران ایک جانب اور بجلی بڑھتے ہوئے بلز نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے انتخابی منشور میں غریبوں کو مفت بجلی دینے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر سندھ حکومت عمل درآمد کررہی ہے اور ہم 26 لاکھ ایسے گھروں کو جہاں بجلی کا کوئی نیٹ ورک نہیں انہیں مفت سولر فراہم کررہے ہیں، جس سے وہ اپنے گھر میں پنکھا اور لائٹ جلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب وزیر توانائی سندھ سے بات کی ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جو لوگ مہنگی بجلی استعمال کرتے ہیں انہیں آسان اقساط پر سولر فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بجلی کے ماہانہ بل سے بچت کرکے سولر کے مالک بن سکیں۔