آرٹس کونسل کی جانب سے محنت کش رہنما کرامت علی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

61

کراچی (پ ر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے محنت کش رہنما اور انسانی حقوق کے علمبردار کرامت علی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد آڈیٹوریم I میں کیا گیا۔تعزیتی ریفرنس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، حسین نقی، ڈاکٹر سید جعفر احمد ،مظہر عباس ، شاہ محمد شاہ ، ناصر منصور ، سلام دھاریجو، شیما کرمانی ،عقیلہ ناز ، قمر الحسن ،حسنہ خاتون اور شازیہ کرامت نے اظہار خیال کیا، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرامت علی بہت اچھے انسان تھے، انہوں نے مزدوروں کے لیے بہت کام کیا، اکثر مجھ سے محنت کش مزدوروں کے مسائل پر بات کیا کرتے تھے، انہوں نے مزید کہاکہ بدترین دشمن کے ساتھ بھی کرامت نے مذاکرات ختم نہیں کیے، وہ اپنی پوری بات کرکے وہاں سے اٹھتے تھے، ان کی صادقین کے ساتھ بھی اچھی دوستی تھی۔ معروف صحافی و تجزیہ نگار مظہر عباس نے کہا کہ میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ میں نے کرامت علی کے ساتھ وقت گزارااور کئی مرتبہ تو صحافتی تنظیموں کو یکجا کرنے پر بھی بات ہوئی۔ آج اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا جمع ہونا بہت بڑی بات ہے۔