آئی ایم ایف کا بجلی کی قیمت میں مزید 5 روپے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ

113

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے 10 جولائی سے پہلے بجلی کی قیمت میں مزید 5 روپے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کردیا۔بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی تجویز پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے حالیہ ورچوئل رابطے میں دی گئی ہے۔پاکستان حکام کی جانب سے آئی ایم ایف کو ورچوئل اجلاس کے دوران بجٹ کے مشکل
فیصلے سے آگاہ کیا گیا اور آئی ایم ایف کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق ورچوئل ملاقات میں آئی ایم ایف نے بجٹ میں سخت معاشی فیصلوں اور گیس مہنگی کرنے کے اقدامات کو سراہا ہے۔آئی ایم ایف نے معیشت کی بہتری کے لیے تاحال کیے جانے والے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کا معاہدہ رواں ماہ طے پانے کا امکان ہے، نئے قرض پروگرام پر اسٹاف لیول مذاکرات مئی میں ہوچکے ہیں اور حکومت پاکستان نے مئی سے اب تک بیش تر پیشگی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔