عمران خان سے متعلق معاملات میں مثبت تبدیلی چاہتے ہیں،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

310

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک ) بانی تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ کے ایک دن بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے حوالے سے معاملات اور صورتحال میں مثبت تبدیلی چاہتے
ہیں۔اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک سے جب ایک روز قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا کہ کیا وہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کرنے کے اقوام متحدہ کے گروپ کی سفارشات کی حمایت کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ وہ ایک آزاد پینل کی سفارشات تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ عمران خان کی موجودہ صورتحال کو زیادہ مثبت انداز میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا موقع ہے کہ پی ٹی آئی اور اس کے بانی کے خلاف حکومتی کارروائی کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے جہاں اس سے قبل گزشتہ ہفتے امریکا کی جانب سے منظور کردہ ایک قرارداد میں پاکستان سے 8 فروری کے انتخابات میں بے ضابطگیوں کے الزام کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔