واٹس ایپ پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے پروفائل فوٹو بنانا ممکن ہوگا

267

سان فرانسسکو:واٹس ایپ ایک ایسے نئے فیچر پر کام کررہا ہے، جس کے استعمال سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین اپنی پروفائل فوٹو بنا سکیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سماجی رابطوں کے معروف ترین پلیٹ فارمز میں سے ایک انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے بنے نئے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جو صارفین کو ان کی منفرد پروفائل فوٹو تخلیق کرنے میں  مدد کرے گا۔

ابتدائی طور پر یہ دلچسپ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے  لیے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کے لیے میٹا اے آئی کے امیجن اسسٹنٹ کو استعمال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ واٹس ایپ صارفین اب تک امیجن اسسٹنٹ کے ذریعے ایپ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے تصاویر بناتے رہے ہیں تاہم مستقبل میں اسے اپنی پروفائل فوٹو بنانے کے لیے بھی استعمال کرنا ممکن ہو جائے گا، اس کے لیے صارفین کو اپنے اے آئی اسسٹنٹ کو تحریری طور پر ہدایات دینی ہوں گی کہ آپ کس طرح کی پروفائل فوٹو تخلیق کرنا چاہتے ہیں، جس کے نتیجے میں الگورتھم خودکار طریقےسے عمل کرتے ہوئے آپ کی فوٹو تیار کردے گا، جو صرف آپ ہی کے لیے ہوگی۔