یوکرین کے مسلم وزیرِ دفاع کا امریکا کا دورہ کامیاب 

212

امریکا نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد یوکرین کو مزید 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد دے گا۔ یہ اعلان امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے یوکرینی ہم منصب رُستم عمروف سے گفت و شنید کے دوران کیا۔ یہ ملاقات امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان میں ہوئی۔ 

یوکرین کی جنگی کابینہ کے مسلم وزیرِ دفاع رُستم عمروف نے امریکی ہم منصب سے ملاقات میں اُنہیں یوکرینی فوج کی ضرورتوں کے بارے میں بتایا۔ امریکی وزیر دفاع نے یقین دلایا کہ یوکرین کو جدید ترین ہتھیار بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اینٹی ٹینک میزائل کے علاوہ ایئر ڈیفینس بہتر بنانے کے لیے انٹرسیپٹر بھی فراہم کیے جائیں گے۔ 

واضح رہے کہ یوکرین کو روس کے خلاف توانا رکھنے کے حوالے سے امریکا اور یورپ میں اندرونی سطح پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ یوکرین کی کئی حکومتوں نے یوکرین کی مدد سے صاف انکار کردیا ہے۔ یورپ کے اندرونی اختلافات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین کے صدر وولودومیر زیلینسکی کا کہنا ہے یوکرین اس وقت روس کے خلاف ڈھال کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اگر امریکا اور یورپ نے بھرپور امداد جاری نہ رکھی تو یہ مورچہ کمزور پڑے گا اور روسی افواج مین لینڈ یورپ کو بھی نشانہ بنانے سے گریز نہیں کریں گی۔ 

امریکا کے سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب ہوئے تو یوکرین کے لیے فوجی اور اقتصادی امداد روک دیں گے۔ روس کی طرف ٹرمپ کے جھکاؤ سے بھی سبھی واقف ہیں۔ دوبارہ صدر منتخب ہونے پر یوکرین کی امداد روکنے سے متعلق اُن کا انتباہ امریکی سیاست میں مزید تقسیم کا باعث بنا ہے۔