بلیوں کا مقابلہ حسن:‘‘سوسو’’ نے مس کیٹس کا اعزاز پالیا

244

بغداد: عراق میں بلیوں کے مقابلہ حسن کا انعقاد ہوا، جس میں ‘‘سوسو’’ نامی بلی نے مس کیٹس کا اعزاز حاصل کرکے مقابلہ جیت لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق عراقی صوبے کردستان کے شہر سلیمانیہ میں گزشتہ دنوں بلیوں کے حسن کا مقابلہ منعقد ہوا، جس میں   کل 400 خوبصورت بلیوں نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو مات دینے کے لیے اپنے انداز دکھائے۔

مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا تو ‘‘سو سو’’ نامی ایک بلی نے اپنی ادائیں دکھا کر مس کیٹس کا اعزاز حاصل کرلیا جب کہ دیگر 2 بلیاں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آئیں۔

سلیمانیہ شہر کے رائل ویٹرنری اسپتال کے حکام کے مطابق اس دلچسپ مقابلہ حسن کا انعقاد دراصل اسپتال ہی کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں جانوروں کے ڈاکٹروں اور جانوروں کی خصوصیات و عادات کی تحقیق کرنے والے ماہرین پر مشتمل ایک پینل نے مقابلے میں شریک بلیوں کا بغور جائزہ لیا

پینل کی جانب سے بلیوں کو مقابلے کے لیے مقرر کیے گئے معیارات کے مطابق جانچا گیا، جس میں ان کی دم، آنکھیں، کھال، بال، چلنے کا انداز، رویہ اور یہاں تک کہ اسٹیج پر ان کا ادائیں دکھانا بھی پرکھا گیا، جس کی بنیاد پر انہیں درجات دیے گئے۔

مقابلے کے آخر میں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن  حاصل کرنے والی خوبصورت بلیوں کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا کھانا اور دیگر لوازمات پیش کیے گئے۔

مقابلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ دلچسپ انداز میں بلیوں کے درمیان مقابلہ کے  پروگرام کے انعقاد کا مقصد دراصل جانوروں کے لیے لوگوں میں محبت و نرمی پیدا کرنا اور ان کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ترغیب دینا تھا۔