اسلام آباد: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان مسلح تنظیموں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق سنیٹر ہدایت اللہ کی بم دھماکہ میں شہادت پر دل غمزدہ ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان اور کے پی میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ عملا ختم ہوچکی ہے ۔حکومت اور ادارے عوام کو امن فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔عوام کو اپنی حفاظت خود کرنی ہوگی ، لاقانونیت سے بڑے پیمانے پر خلفشار کا خطرہ ہے۔دعا ہے کہ اللہ کریم ہدایت اللہ خان کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے ۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ لواحقین کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔ جے یو آئی رہنما میر محمد اسلم عمرانی کے قتل کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت جے یو آئی کارکنوں اور رہنماؤں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور کے پی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے ۔دعا ہے کہ اللہ کریم میر محمد اسلم عمرانی کی شہادت کو قبول فرمائے ۔لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں ۔