کراچی:درجہ حرارت میں پھر اضافہ، دن کے اوقات میں شدید گرمی اور حبس

162
forecast

کراچی: شہر قائد کو شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، آج بدھ کے روز درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھنے سے شدید گرمی اور حبس محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے موسم مرطوب اور گرم رہا جب کہ درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ جانے سے 37.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

بدھ کی صبح شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 31 اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد رہا جب کہ سمندری ہواؤں کی رفتار گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی، جس کے سبب دوپہرکے وقت حبس محسوس کی گئی۔ بعد ازاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت  گزشتہ روزکے مقابلے میں 1.5 ڈگری اضافے سے 37.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور دوپہرکے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 65 فیصد ریکارڈ ہوا۔ دیہی سندھ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق جمعے سے مشرقی سندھ میں مون سون ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے زیر اثر 5 اور 6 جولائی کو تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، گھوٹکی، سکھر، کشمور، شکار پور اور دادو میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔