اسلام آباد پولیس نے محرم سے قبل دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

152

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے سنگجانی کے علاقے میں دھماکا خیز مواد اور ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ کو روک لیا،  جس کو محرم الحرام  کے دوران مختلف تقریبات میں استعمال کیا جانا تھا ۔ اس ذخیرہ میں دستی بم، ایک خودکش جیکٹ اور ایک AK- 47 رائفل شامل تھی ۔

حکام کی اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کرتے ہوئے خطرناک ہتھیاروں کو پکڑ لیا ، دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے لیے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کا مقصد عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔

کارروائی کے دوران مشتبہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی اور بعد ازاں موقع سے فرار ہوگئے ۔ علاقے کو فوری طور پر محفوظ کر لیا گیا، اور اہلکاروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ایک جامع تلاشی کی جارہی ہے۔

پولیس کے ترجمان نے اسلام آباد میں ممکنہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کو روکنے اور حساس اوقات میں عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ان کی روزانہ کی بنیاد اس طرح کے آپریشن جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

حکام نے سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرنے کا آغاز بھی کردیا ہے،حکام نے کہا کہ پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ، ایسی کارروائیوں  کےلیے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئیں ہیں ۔ بعد ازاں مفرور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی ٹیم تلاش جاری رکھے ہوئے ہے ۔