آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر سے زائد کے بیل آؤٹ پیکیج کی تمام شرائط پوری ہو گئیں، وزیرمملکت

153
budget deficit

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر سے زائد کے بیل آؤٹ پیکیج کی تمام شرائط پوری ہو  چکی ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیر مملکت برائے خزانہ و توانائی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے 3 یا 4 ہفتوں میں بیل آؤٹ پیکیج کا عمل مکمل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیل آؤٹ پیکیج 6 ارب ڈالر سے زائد کا ہو سکتا ہے، اس حوالے سے سب سے زیادہ حیثیت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے توثیق کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان معاملات میں اب کوئی بڑے قابل ذکر مسائل باقی نہیں رہے، وفاقی بجٹ سمیت تمام اہم اور بڑے اقدامات پیشگی مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بجٹ اصلاحات بے شک ملکی معیشت کیے لیے سخت ہیں، تاہم آئی ایم ایف پروگرام سے استحکام آئے گا۔

قبل ازیں نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ بہت مشکل ہے اور حکومت کو عوام کی تکلیف اور مسائل کا بھی اچھی طرح احساس ہے، تاہم حکومت کے لیے  یہ سب سخت فیصلے کرنا آسان نہیں تھا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی بجٹ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی شراکت داری کے ساتھ بنانا تھا، جس کے لیے ہمیں آئی ایم ایف کے ساڑھے 3 ہزار ارب روپے کے ٹیکس کے مطالبات کو پورا کرنا پڑا ہے۔ آئندہ 3 یا 4 سال میں 100 ارب ڈالر فنانسنگ کی ضروریات ہیں۔