اسرائیلی دہشت گردی سے مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید

122

غزہ پٹی : غزہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ کے علاقے منصورہ پر ڈرون حملہ کیا جبکہ شجاعیہ کے نزدیک ایک رہائشی بلاک کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کو یورپی اسپتال اور خیمہ بستیاں خالی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، جس کے بعد خان یونس سے بے دخل کیے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق، غزہ میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 19 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

شمالی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے جوابی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، جن میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور ٹینک تباہ ہوگئے ہیں۔

جنوبی لبنان میں بھی اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے راکٹ اور ڈرون حملے کیے، جس سے کریات شمونہ میں نقصان ہوا۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 37,925 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 87,141 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔