آئی ایم ایف نے بجلی مزید 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا مطالبہ کردیا

143

اسلام آباد:بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے بجلی مزید 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے رواں ماہ (10 جولائی سے قبل) بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ مزید اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے  یہ تجویز پاکستان کے ساتھ حال ہی میں ہونے والے ورچوئل رابطوں کے دوران دی گئی ہے۔

حکام نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے رابطے  میں نئے مالی سال کے بجٹ میں کیے گئے مشکل اور سخت فیصلوں سے آگاہ  آگاہ کیا۔ اس دوران گیس کے نرخ بڑھانے سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جسے آئی ایم ایف  نے سراہتے ہوئے بجلی کی قیمت میں بھی 10 جولائی سے پہلے 5 روپے فی یونٹ کے اضافے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے ملکی معیشت کو درست سمت میں لانے کے لیے اب تک کے حکومتی اقدامات اور فیصلوں کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے لیے نئے قرض پروگرام کا معاہدہ بھی اسی ماہ (جولائی میں) طے پانے  کی توقع ہے، جس پر اسٹاف لیول کے مذاکرات مئی میں ہو گئے تھے، اس سلسلے میں بھی حکومت نے آئی ایم ایف کے کئی اہداف کو پہلے ہی مکمل کرلیا ہے۔

پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 8 ارب ڈالر  کا نیا قرض پروگرام چاہتا ہے۔