فلسطینی بچوں میں غذائی قلت سے رونے کی ہمت بھی باقی نہیں رہی، صدر الخدمت فاؤنڈیشن

258

راولپنڈی:صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ غزہ کے لیے الخدمت کا فلسطین ریلیف آپریشن جاری ہے غزہ کی پٹی میں ہر 10میں سے 9 بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں الخدمت نو زائیدہ اور معصوم فلسطینی بچوں کودودھ کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ غزہ میں ہزاروں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، بچوں کواگرخوراک میسرآتی  ہے تو وہ بھی بعض اوقات مضرصحت ہوتی ہے جس کی وجہ سے بھی بچے صحت کے مسائل سے دوچارہیں جبکہ غذائی قلت کے شکار ان بچوں میں اب رونے کی ہمت بھی باقی نہیں رہی ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بچوں کی بہت بڑی تعدادمضرصحت غذاکے استعمال کی وجہ سے خو ن کے  امراض کا شکار بھی ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ غزہ جنگ کی وجہ سے بدترین صورتحال کے پیش نظرالخدمت کے ر ضاکار،متاثرین کوہرممکن ریلیف فراہم کرنے کی جدوجہدکررہے ہیں۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے کہاکہ غزہ کے بچوں کو بے تابی سے دودھ کے حصول کے لیے تڑپتے دیکھا جو کہ دل دہلا دینے والے مناظر تھے۔ الخدمت کی طرف سے فلسطینی بچوں میں دودھ کی تقسیم کا مقصد انسانی بحران سے متاثرہ غزہ کے معصوم بچوں کی حالت زار اور غذائی  قلت کو ختم کرنا ہے۔