اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو سیکورٹی فورسز پر فخر ہے‘سکیورٹی فورسز نے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے تیراہ اور لکی مروت میں دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ قوم کو سیکورٹی فورسز پر فخر ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ محفوظ اور پرامن پاکستان کی جدوجہد میں سکیورٹی فورسز کے تاریخ ساز کردار کی پوری دنیا معترف ہے۔ دہشتگردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاک وطن سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔