جسٹس عالیہ نیلم چیف جسٹس لاہور ‘جسٹس شفیع محمد صدیقی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نامزد

142

اسلام آباد (آن لائن) لاہور ہائی کورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون جج چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہو گئیں۔ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس شفیع محمد صدیقی کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ بنانے کی سفارش کردی۔ جوڈیشل کمیشن نے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو حتمی منظوری کے لیے بھجوادیا۔ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس شفیع محمد صدیقی کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کے لیے ان کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی۔ جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کو چیف جسٹس لاہور ہائی
کورٹ بنانے کی منظوری دیدی، تاریخ میں پہلی بار چیف جسٹس کا تقرر 3 ججز کے درمیان ووٹنگ کے ذریعے ہوا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منگل کے روزہوا۔ اجلاس میں قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس شجاعت علی خان کو بطور مستقل چیف جسٹس تعینات کرنے پر غور کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے ممبران جسٹس منیب اختر، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، سابق چیف جسٹس منظور ملک بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اختر حسین، وزیر قانون اعظم نذیر تاڑر، صوبائی وزیر قانون ملک شعیب احمد، ممبر پنجاب بار کونسل اسد محمود عباسی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ تینوں ججز جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس باقر علی نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم کے ناموں پر غور و خوض کے بعد ووٹنگ کی گئی اور جسٹس عالیہ نیلم کو متفقہ طور پر چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی گئی اور انہیں تیسرے نمبر پر ہونے کے باوجود سپرسیٹ کرتے ہوئے چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی گئی۔ جسٹس عالیہ نیلم 1966ء میں پیدا ہوئیں، جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے 1995ء میں لا کی ڈگری حاصل کی، جسٹس عالیہ نیلم نے قانون کے دیگر ڈپلومے بھی کر رکھے ہیں۔