کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کی ایوی ایشن سیکورٹی کا جائزہ شروع کردیا۔ترجمان سی اے اے کے مطابق 2 رکنی اماراتی ایوی ایشن سیکورٹی ٹیم کی قیادت عبداللہ الکعبی کررہے ہیں جو یو اے ای کے ڈائریکٹر سینئر ایوی ایشن سیکورٹی امور ہیں۔ کراچی پہنچنے پر ائر کموڈور(ر) شاہد قادر، ڈائریکٹر ایوی ایشن سیکورٹی سول ایوی ایشن پاکستان نے یواے ای وفد کا استقبال کیا۔افتتاحی اجلاس میں ائرپورٹ منیجر اور تمام متعلقہ ہوائی اڈے کے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اگلے 4دن میں ٹیم ہوائی اڈے پر مختلف ایوی ایشن سیکورٹی اقدامات کے نفاذ کا معائنہ کرے گی۔ اماراتی ٹیم (یو اے ای) کے لیے پروازوں کے لیے سیکورٹی اقدامات پر خصوصی توجہ دے گی۔ادھرسول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کی فروخت سے متعلق حقیقت بتا دی۔ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سوشل میڈیا پر کراچی ائرپورٹ کی فروخت کی باتوں کی تردید کرتے ہیں ائرپورٹ مکمل طورپرسول ایوی ایشن کے زیرانتظام ہے۔ترجمان نے اپیل کی کہ ائرپورٹ فروخت سے متعلق عوام گمراہ کن باتوں پر دھیان نہ دیں۔علاوہ ازیں ائر لائنز نے پاکستان سے بین الاقوامی سفر کے لیے نئے ٹیکس کا اطلاق شروع کردیا، جس کے تحت اکانومی اور اکانومی پلس ٹکٹ پر ایف ای ڈی میں 150 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر ایف ای ڈی 5 ہزار روپے سے بڑھاکر 12ہزار 500 روپے کردی گئی،پاکستان سے کلب کلاس اور امریکا کی پروازوں پر ایف ای ڈی ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 3 لاکھ روپے کردی گئی جبکہ مڈل ایسٹ اور افریقہ کی پروازوں پر ایف ای ڈی75ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 5 پانچ ہزار روپے کردی گئی۔