بھائی چارے کی فضا قائم رکھی جائے،ایاز حمید اللہ بلوچ

85
میونسپل کمشنر نیوکراچی ٹائون محرم الحرام کی آمد کے موقع پربوہری کمیونٹی کے نمائندوںسے ملاقات کررہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین نیو کراچی ٹاو ن محمد یوسف کی ہدایت پرمیونسپل کمشنر نیو کراچی ٹائون ایاز حمیداللہ بلو چ نے محرم الحرام کے حوالے سے نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی میںقائم حکیمی مسجد و جماعت خانہ کا دورہ کیا ،منتظمین حکیمی مسجد و جماعت خانہ و بوہری کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر محکمہ بی اینڈ آرکے افسر فیصل صغیر ،محکمہ مکینکل اینڈ الیکٹریکل کے واجد علی اور محکمہ سینی ٹیشن کے افسر محمد مُشتاق احمدو دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے منتظمین حکیمی مسجد و جماعت خانہ و بوہری کمیونٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی ہے ۔اس حوالے سے نیو کراچی ٹاؤن میں قائم مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف سڑکوں کی مرمت اور استر کاری کے ساتھ مناسب روشنی کے انتظامات کیے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ماہ محرم میں بوہری کمیونٹی بھی اپنے عقائد کے ساتھ شہداء کربلا کی یاد مناتی ہے ،ہماری کوشش ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران حسینؓ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے ۔ ایاز حمیداللہ بلوچ نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹائون کی انتظامیہ مذہبی دنوں کے ایام میں تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں کے تمام مکتبہ فکر کے درمیان مذہبی رواداری اوراتحاد بین المسلمین کے جذبہ کے تحت بھائی چارے کی فضاء کوقائم رکھنے کی تلقین کریں۔