متحدہ نے پھر نفرت کی سیاست بڑھانے کی کوشش کی‘سعید غنی

87
وزیربلدیات سندھ سعیدغنی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں‘وقارمہدی بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر سندھ میں نفرت کی سیاست بڑھانے کی کوشش کی جس کا سبق ان کو ان کے بانی الطاف حسین نے پڑھایا ہے اور ان کو جب جہاں موقع ملتا ہے یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ اس بانی کے پیروکار ہیں،خالد مقبول صدیقی نے شہید ذوالفقار علی کے حوالے سے گمراہ کن باتیں کی ہیں ، کوٹہ سسٹم کا آغاز لیاقت علی خان نے کیا تھا بھٹو نے نہیں کیا تھا، ن لیگ حکومت بنتے وقت پیپلز پارٹی کے ساتھ گورنر سندھ کے حوالے سے کیے گئے معاہدے پر عمل کرے اور فوری طور پر گورنر سندھ کو ہٹا کر یا اپنا گورنر لگائے یا پھر پیپلز پارٹی کا گورنر سندھ لگائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوسندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سعید غنی نے کہا کہ جب جب اس صوبے میں ماحول میں بہتری آتی ہے یہ زہر اگلنا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت تھی تو خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لیے اخبارات میں اشتہار دیے اور قانونی طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم چاہتی تھی کہ جو بھرتیاں ہوں اس کے لیے کمیٹی بنے اور ایم کیو ایم کے نمائندے اس میں شامل ہوں، لیکن قانون میں ایسا کچھ نہیں ہے۔کہ انہوں نے کوئی بہت بڑا تیر مار لیا ہے جبکہ ہم نے خود بہتر سمجھا اور عدلیہ کو لکھا ہے کہ دوبارہ اشتہار دے کر ہم صاف و شفاف میرٹ پر بھرتیاں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1956 ء کے آئین میں کوٹہ سسٹم موجود تھا۔ جنرل یحییٰ خان نے اپنے مارشل لا میں بھی اس کو شامل رکھا اور جب 1973 ء کا آئین بنا تو بھٹو نے ماضی کی طرح کوٹہ سسٹم جاری رکھا تھا۔