بھارت : ہندوئوں کے مذہبی تہوار میں بھگدڑ سے 116افراد ہلاک

145

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں مذہبی اجتماع ست سنگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 116 افراد ہلاک ہو گئے ۔ مرنے والوں میں اکثریت خواتین کی ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والوں کی لاشوں کو ہتھراس کے ساتھ قریبی ضلع ایتاہ کے اسپتال میں لے جایا گیا۔ علی گڑھ کے انسپکٹر جنرل شلبھ ماتگھْر نے تصدیق کی کہ واقعے میں 116 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 27 اموات ضلع ایتاہ میں ہوئیں جبکہ واقعے میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ست سنگ کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی کیوں کہ اجتماع میں جتنے لوگوں کی شرکت کی اجازت دی گئی تھی، وہاں اس سے زیادہ تعداد میں لوگ موجود تھے اور اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ست سنگ کا اہتمام مانو منگل ملن ساد بھاونا سماگم کمیٹی نے کیا تھا۔ عینی شاہد ین کا کہنا تھا کہ واقعہ جب ست سنگ ختم ہوا تو واپسی کا راستہ بہت تنگ تھا۔ لوگوں نے گاؤں کی طرف سے باہر نکلنے کی کوشش تو ایک بھگدڑ مچ گئی ۔ سڑک بہت اونچائی پر تھی اور نیچے نالا بہ رہا تھا۔ لوگ اس میں گرکے مرتے رہے۔ ادھر بھارتی صدر دروپدی مورمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ اور زخمیوں کے فی کس 50ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ۔ ادھر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اتر پردیش میں ہونے والے المناک حادثے پر بہت دکھ ہے ۔