یکم تا12محرم مجالس کے مقامات پربجلی کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت

76

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں محرم الحرام کے دنوں میں بجلی سے متعلق مسائل کے حوالے سے علما کرام کے ساتھ اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ حیسکو ،سیپکو اور کے الیکٹرک یکم محرم سے 12 محرم تک مغرب تا صبح فجر تک مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنائیںگے۔ ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو رات کے اوقات میں رات 12 سے صبح چھ کے درمیان لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے حیسکو اور سیپکو اور کے الیکٹرک روزانہ کی بنیاد پر میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کریں اور شام کے پیک اورز میں کمی کے حوالے سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر انہیں بھیجی جائے۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پیک آورز میں کمی کر کے اور رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ سکھ اور چین کی نیند سو سکیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 10،9،8محرم الحرام کے دن مکمل لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے ۔حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک نے بھی اس سلسلے میں مکمل تعاون کے یقین دہانی کرائی۔