نایاب جنگلی پودوں کی بڑی تعداد میں بیرون ملک اسمگلنگ ناکام

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نایاب جنگلی پودوں کی بھاری مقدار میں بیرون ملک اسمگلنگ ناکام، تفصیلات کے مطابق سندھ وائلڈ لائف اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ کارروائی کے دوران سائوتھ ایشیا ٹرمینل پر نادر و نایاب جنگلی پودوں گگرال، کٹکی اور ملیٹھی کی بھاری مقدار بیرون ملک اسمگل ہونے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ترجمان سندھ وائلڈ لائف کے مطابق سری لنکا کے لیے بک کیے گئے کنٹینر سے تحفظ یافتہ اور نایاب جنگلی پودے گگرال کی گگلو گوند کی 500 کلو گرام، کوہ ہمالیہ سلسلے کے جنگلوں میں پائے جانے والے نایاب و معدومیت کے خطرے سے لاحق پودے ‘‘کیکی’’ کے 250 کلوگرام اور 4 ہزار کلو گرام ملیٹھی کے پودے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق جڑی بوٹیاں تحفظ جنگلی حیات صوبہ سندھ کے قوانین اور پاکستان ٹریڈ کنٹرول آف وائلڈ فانا اینڈ فلورا ایکٹ 2012 ء و رولز 2018ء کے تحت ضبط کی گئیں اور ایکسپورٹر کے خلاف مقدمہ نمبر 5/2024 درج کرلیا جو کہ ٹرائل کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج کراچی سائوتھ کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔