یوٹیوب کا سلیپ ٹائمر فیچر؛ صارفین پرسکون نیند سو سکیں گے

207

سان فرانسسکو: یو ٹیوب نے سلیپ ٹائمر فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا، جس کے استعمال سے صارفین پرسکون نیند سو سکیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق وڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب کی جانب سے صارفین کے لیے دلچسپ فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جسے سلیپ ٹائمر کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو ایک مقررہ وقت کے بعد وڈیو دیکھنا بند ہو جائے گا اور وہ پرسکون نیند سو سکیں گے۔

طبی  ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کو دیر تک ویڈیوز دیکھنا ایک بری عادت بنتا جا رہا ہے اور اس  کے صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسی مسئلے کے حل کے لیے یو ٹیوب نے نئے فیچرز کا استعمال کیا اور اپنے صارفین کے لیے اسکرین ٹائم کنٹرول کرنے کے لیے سلیپ ٹائمر نامی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اس نئے اور دلچسپ فیچر کے استعمال سے صارفین ایک ٹائمر مقرر کر سکیں گے، جو ویڈیو کو مقرر کیے گئے وقت پر روک دے گا۔ یہ نیا فیچر ایسے صارفین کے لیے زیادہ بہتر ثابت ہو سکتا ہے جو وڈیو دیکھتے دیکھتے گہری نیند کی وجہ سے سو جاتے ہوں۔

صارفین یوٹیوب ایپلی کیشن میں موجود مینو کے ذریعے 5 منٹ سے 2 گھنٹوں کے درمیان کا ایک ٹائمر سیٹ کر سکتے ہیں۔ جیسے ہی سیٹ کیا گیا وقت پورا ہوگا چلنے والے وڈیو یا پلے لسٹ خود بخود رک جائے گی۔ اس سے نہ صرف غیر ضروری طور پر بیٹری کا ضیاع رکے گا بلکہ اس سے پُر سکون نیند بھی یقینی ہوگی۔