مہنگی بجلی اور بجٹ میں ٹیکسوں کیخلاف تاجر سراپا احتجاج، بل نذرآتش

181

اسلام آباد،راولپنڈی،پشاور:بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز کے خلاف تاجر سراپا احتجاج ہو گئے، اس دوران تاجروں نے بجلی کے بل نذر آتش کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کئی طرح کے ٹیکس شامل کرنے اور بجلی مہنگی ہونے کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں تاجروں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس دوران تمام مارکیٹیں علامتی طور پر کچھ گھنٹوں کے لیے بند کی گئیں اور مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں۔

احتجاجی مظاہروں کے دوران تاجروں نے بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ٹیکسز کے خلاف نعرے بازی کی اور گیس کے بلز جلادیے۔ راولپنڈی کے بینک روڈ پر احتجاجی مظاہرے میں کشمیر روڈ حیدر روڈ اور دیگر بازاروں کی تاجر شامل ہوئے۔

دوسری جانب تاجروں کے ایک دھڑے نے 4 بجے علامتی طور پر کاروبار بند رکھ کر بھی احتجاج کیا۔

علاوہ ازیں بجلی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پرآبپارہ چوک میں تاجروں نے بھرپوراحتجاج کیا اور مرکزی شاہراہ بلاک کردی۔، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے  پہنچی جب کہ شہر بھر سے تاجروں کے قافلے آبپارہ چوک احتجاج کے لیے پہنچے۔

اُدھر پشاور میں ٹیکسوں کے نفاذ، بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف تاجروں کی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ تنظیم تاجران کی جانب سے میلاد چوک سے چوک یادگار تک نکالی گئی ریلی میں شریک مظاہرین نے بجٹ میں عائد ٹیکس کے خاتمے، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا۔