پاکستان اور تاجکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلیے مل کر کام کرینگے،وزیر اعظم

148

دوشنبے:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے دہشت گردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے،ہم  چاہتے ہیں کہ پاکستان اور تاجکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں، پاک،  تاجک تجارتی حجم ہمارے قریبی تعلقات کا آئینہ دار نہیں اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ہمیں سالانہ بنیادوں پر اہداف کا تعین کرنا ہوگا۔

دوشنبے میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ    دونوں ممالک کے  درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنیں گے، ہم تاجکستان کیساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کومزید مستحکم بنائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تاجکستان میں ہر طرف ہمارا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، ایسا لگتا ہے کہ ہم ایک گھر سے دوسرے گھر میں آئے ہیں، وفود کی سطح پر تعمیری اور مفید بات ہوئی اور ہم چین، تاجکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راہداری کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں،   چاہتے ہیں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ریل اور روڈ نیٹ ورک مربوط ہو ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنیں گے، سرکاری پاسپورٹ کو ویزا سے مستثنی کرنے کے سمجھوتے پر دستخط کیے، تاجکستان کیساتھ سمجھوتوں پر دستخط سے دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔