جماعت اسلامی کا سیمینار: تاجروں نے بجٹ مسترد  کر دیا، کراچی میں مشترکہ احتجاجی تحریک کا اعلان 

171

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت وفاقی و صوبائی بجٹ 2024-25 کے حوالے سے ادارہ نور حق میں منعقدہ پوسٹ بجٹ سیمینار میں شریک تاجر و صنعت کار تنظیموں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے  نمائندوں نے بجٹ کو عوام دشمن اور تاجر دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

تاجروں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ بجٹ کے خلاف جماعت اسلامی جو بھی لائحہ عمل اختیار کرے گی تاجر اس کا ساتھ دیں گے، سیمینار میں 4جولائی سے کراچی ریگل چوک سے احتجاجی تحریک کے آغاز کا مشترکہ فیصلہ بھی کیا گیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں ظالمانہ ٹیکس واپس لیے جائیں،حکمران وعدے کے مطابق مہنگائی سے بد حال عوام کے 300یونٹ تک کے بل معاف کریں، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ظالمانہ بجٹ، ٹیکسوں کی بھر مار، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں عظیم الشان و تاریخی دھرنا کا اعلان کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   کراچی میں 4 جولائی سے ظالمانہ بجٹ، پیٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، جماعت اسلامی نے کراچی میں عوامی مسائل کے حل کے لیے طویل جدوجہد کی اور مسائل حل کروائے ہیں، سندھ اسمبلی کے باہر 29 دن کا تاریخی دھرنا دیا۔