طبی ماہرین نے دل کی صحت اور ڈیمینشیا کے درمیان تعلق تلاش کرلیا

165

لندن: طبی ماہرین نے ڈیمینشیا اور دل کی صحت کے درمیان تعلق کو تلاش کرلیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق نئی تحقیق کے نتائج سے طبی ماہرین نے اخذ کیا ہے کہ دل کی خراب صحت، مستقبل میں ڈیمینشیا کے لیے بڑے خطرے کا سبب بن سکتی ہے۔ ماہرین کو پتا چلا ہے کہ تمباکو نوشی اور دیگر عوامل کے تناسب سے ڈیمینشیا کا دل کی صحت کے ساتھ تعلق وقت کے ساتھ بڑھا ہے۔

تحقیقی نتائج کے مطابق قلبی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات مستقبل میں ڈیمینشیا کے کیسز روکنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

برطانیہ میں اندازاً 9 لاکھ 44 ہزار افراد ڈیمینشیا میں مبتلا ہیں اور ڈیٹا کے مطابق نصف سے زیادہ آبادی کسی ایسے شخص کو جانتی ہے جس کو اس بیماری کی کوئی قسم لاحق ہو۔

تازہ ترین تحقیق میں یونیورسٹی کالج لندن کے محققین نے 27 مقالوں جائزہ لیا۔ ان مقالوں میں 1947 سے 2015 درمیان دنیا بھر کے ڈیمینشیا کے مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا تھا۔

تحقیق کی سربراہ مصنفہ ڈاکٹر ناہید مقدم کا کہنا تھا کہ کارڈیو ویسکیولر خطرات نے ڈیمینشیا کے خطرات میں وقت کے ساتھ اضافہ کیا ہے، لہٰذا مسقتبل میں ڈیمینشیا سے بچنے کے لیے قلبی صحت کے لیے مخصوص اقدامات کی ضرورت ہے۔