پیپلز پارٹی کا ایم کیو ایم سے معافی ،گورنرسے استعفے کا مطالبہ

64

کراچی(آن لائن)سندھ کے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایم کیو ایم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبول صدیقی نے ہمارے قائد شہید ذو الفقار علی بھٹو کے خلاف زہر آلود زبان استعمال کی جو ناقا بل قبول ہے ۔ دوسری جانب انہوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسو ری سے بھی فوری مستعفی ہونے کا مطا لبہ کیا ۔ ناصر حسین شاہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف زہر آلود زبان استعمال کی جو ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ اس معاملے پر فوری معافی مانگے ۔ انہوں نے کہا نفرت اور گالم کلوچ کی سیاست ہمیں بھی آتی ہے لیکن ہم ایسی سیاست کے حق میں نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد کو اگر اس ملک کی سیاست سے نکال دیا جائے تو ملکی سیاست زیر و ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے آج بھی نفرت کی سیاست کر رہے ہیں ۔ لوگوں کو جلانے والے آج پیپلز پارٹی پر الزام لگا رہے ہیں ۔ کوئی بعید نہیں کہ یہ جماعت لندن کے اشارے پر چل رہی ہو ۔ ملک تقسیم اور توڑنے کی سیاست متحدہ قومی موومنٹ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا خالد صدیقی کی حیثیت صفر پلس صفر پلس ہے ۔ انہوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے اس لیے براہ مہربانی یہ عہدہ چھوڑدیں ۔