علی امین ،عامر مغل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

62

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، عدالت نے عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب بھی طلب کر لیا۔ جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، تاہم وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست کی گئی۔ دوران سماعت جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہے ہیں، تماشا بنا ہوا ہے ایک آتا ہے دوسرا نہیں آتے، 8 جولائی کو کوئی بیمار ہو، بخار ہے، کچھ بھی ہو جو نہ آیا اسے اشتہاری قرار دیں گے، 8 جولائی کے بعد کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی۔بعد ازاں عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔