دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلیے پر عزم ہیں، محسن نقوی

67

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ اتحاد اور اتفاق سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ وزیر داخلہ نے ضلع خیبر کے علاقے جمرود پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے اپنی جان دے کر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا، دونوں کی لازوال قربانی کو قوم یاد رکھے گی۔