ایس آر او 350 واپس لیا جائے،سائٹ ایسوسی ایشن

92

کراچی (کامرس رپورٹر) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی نے حکومت سے ایک بار پھر ایس آر او 350 فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے جو صنعتکار برادری کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پبلک یوٹیلیٹی کمپنی سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) اور کے الیکٹرک ابھی تک ایس آر او 350 کی وجہ سے مئی 2024 کی ٹیکس مدت کے لیے اپنا سیلز ٹیکس ریٹرن وقت پر فائل نہیں کر سکی ہے جس کے نتیجے میں صنعتوں کی اکثریت ریٹرن فائل نہیں کر پارہی اور انہیں غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔کامران عربی نے ایف بی آر سے مئی 2024 کی ٹیکس مدت کے لیے ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 2024 میں ایس آر او 350 (I)/2024 کے اجراء کے بعد سے بزنس کمیونٹی کی مشلات مزید بڑھ گئی ہیں کیونکہ وہ آخری تاریخ تک ضروریات پوری نہ ہونے کی وجہ سے اپنے ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن بروقت فائل کرنے سے قاصر ہیں بلکہ ان کی اپنی کوئی غلطی نہ ہونے کے باوجود انہیں اپنے اِن پٹ پر غیر ضروری ٹیکس واجبات بھی ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔اس ایس آر او نے ایک بار پھر ایف بی آر کی پالیسیوں اور ان پر عمل درآمد کے ادھورے کام کی قلعی کھول دی ہے۔صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ یہ معاملہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے اپریل میں کراچی میں وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران بھی اٹھایا گیا تھاجہاں انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی تھی کہ وہ ایس آر او 350 کو واپس لینے کے احکامات جاری کریں۔