سری لنکن سے سیاحوں کی آمدورفت پاکستانی مارکیٹوں کی ضرورت ہے

80

کراچی (کامرس رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے سابق صدر اور پاکستان سری لنکا بزنس فورم کے بانی چیئرمین مجید عزیز نے تجویز دی ہے کہ وفاقی وزارت سیاحت کو سری لنکا کی وزارت سیاحت کے ساتھ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف سری لنکا اور پاکستان کے تعاون سے مئی 2025 میں بدھ مت کی مذہبی تعطیل ویشاک کی ایک ہفتہ بھر کی تقریبات ٹیکسلا میں منانے کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ دونوں وزارتوں اور ٹریول ایجنٹس کو اس ایونٹ کو فروغ دینے کے لیے بہت سے ایشیائی ممالک میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکن قونصلیٹ جنرل کے اشتراک سے سری لنکا کنونشن بیورو کی جانب سے کراچی میں سری لنکا ٹورازم اینڈ نیٹ ورکنگ ایوننگ تقریب سے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سری لنکا کے قونصل جنرل جگتھ ایبی ورنا، سری لنکا کنونشن بیورو کے سی ای او تھیسم جے سوریا، کنٹری منیجر سری لنکن ایئر لائنز سمن رتنائیکے، منیجر مارکیٹنگ ایس ایل سی بی محترمہ ملکانتھی ویلیکلا اور سندھ حکومت کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدھ مت ایک ہزار سال سے موجود ہے اور تمام صوبوں میں بہت سے مندر اور آثار موجود ہیں۔