انڈیکس 300سے زاید پوائنٹس بڑھ گیا

61

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے مالی سال کے آغاز پر تیزی کا رجحان غالب رہا ،وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف سے معاہدے کی توقع پر کاروباری تیزی سے کے ایس ای 100انڈیکس 300سے زاید پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 78400 پوائنٹس سے بڑ ھ کر78800پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ کے سرمائے میں 57ارب روپے سے زاید کاا ضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 104کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور43.05فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اگرچہ ابتدائی سیشن میں زبردست تیزی رونما ہوئی جس کی وجہ سے انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 79500پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا تھا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور انڈیکس 78ہزار پوائنٹس کی سطح پر تو آگیا مگر مارکیٹ مثبت زون میں ہی بند ہوئی۔اسٹاک ماہرین کے مطابق بجٹ کی منظوری کے بعد آئی ایم ایفکے ساتھ نئے قرض پروگرام پر اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہونے کا قوی امکان ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے اسے مثبت دیکھا جا رہا ہے جبکہ اگلی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی جاری رہنے کی توقع ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں379.37پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔