یورپین فٹ بال چیمپئن شپ، اسپین ،انگلینڈ کوارٹر فائنل میں

194

برلن/ لندن (سید عاصم علی قادری) اسپین اور انگلینڈ کی ٹیمیں یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔ ا سپین کی ٹیم نے ٹاپ 16 میچ میں جارجیا کی ٹیم کو با آسانی 1-4 گول سے ہراکر ٹاپ۔8رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں سخت مقابلے کے بعد سلوواکیہ کی ٹیم کو 1-2 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ یوئیفا کے زیر اہتمام یورپین چیمپئن شپ کے رائن انرجی اسٹیڈیون، کولون میں کھیلے گئے تیسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں اسپین اور جارجیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں ہسپانوی فٹ بال ٹیم نے جارجیا کی ٹیم کو با آسانی ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا۔ روڈریگو ہرنینڈز،فیبین روئز، نیکو ولیمزاور دانی اولمو نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم ا سپین کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جارجیا کے طرف سے واحد گول رابن لی نارمنڈ نے ا سکور کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی اسپین کی ٹیم یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ۔ ایرینا اوف شالکے، گیلسن کرچن میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے چوتھے پری کوارٹر فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد سلوواکیہ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہر اکر ٹاپ8 تک رسائی حاصل کی۔ انگلینڈ کی طرف سے جوڈ بیلنگھم نے 90 ویں اور ہیری کین نے 91 ویں منٹ پر ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو ٹاپ8 رائونڈ کوالیفائی کرا دیا۔ سلوواکیہ کی جانب سے واحد گول ایوان شرانز نے میچ شروع ہونے کے بعد 29 ویں منٹ پر اسکور کیا۔ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ میزبان جرمنی سے ہوگا جبکہ انگلینڈ کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم کے خلاف ہوگا۔