آئی ٹی ہارڈ ویئر پر 10فیصد ٹیکس سے ٹیکنالوجی مہنگی ہو گی‘ خوشنود آفتاب

59

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آئی ٹی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر اور وائپر ٹیکنالوجی کے سربراہ خوشنود آفتاب نے کہا ہے کہ مالیاتی بل 2024 ء کے فیصلے پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر پر انتہائی منفی اثرات چھوڑیں گے مالیاتی بل میں موجود خدشات کو دور کرنے کے لیے حکومت کو فوری رابطہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اٹل ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ایک روشن باب کی طرح ہے، خاص طور پر برآمدات میں اضافے کے حوالے سے یہ شعبہ بنیادی طور پر دو اہم وسائل پرمنحصر ہے جس میں ایک انسانی سرمایہ اور دوسرا ٹیکنالوجی کا بنیادی ڈھانچہ ہے تاہم مالیاتی بل میں ان دونوں اہم اجزاء پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے ،جو آٹی ٹی کی ترقی کے لیے بہتر نہیں ہے ۔خوشنود آفتاب نے کہا کہ آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے ٹیکسوں میں قابل ذکر اضافہ، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو 50 ہزار یا اس سے زیادہ ماہانہ کماتے ہیں،اس سے ہنر مند افرادی قوت متاثر ہوگی، اس کے ساتھ کمپیوٹر کا سامان میں آئی ٹی ہارڈویئر پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو 5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے ضروری ٹیکنالوجی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔