نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کیا جاسکتاہے، سی پی او ملتان

39

ملتان (اسپورٹس ڈیسک):سی پی او ملتان صادق علی نے کہاہے کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوان نسل میں مثبت سرگرمیوں کی طرف رحجان بڑھتا ہے۔کھیلوں کا انعقاد پرامن اور خوشحال معاشرے کی پہچان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں کھیلے جانے والے انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے انعقاد اور کھیلوں میں پولیس کی شمولیت سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا پیدا ہو گی اور لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی جس سے پولیس کا امیج بہتر ہو گا ۔ایس پی گلگشت ڈویژن سیف اللہ، ڈی ایس پی دہلی گیٹ مہر وسیم اور دیگر افسران سی پی او ملتان کے ہمراہ تھے ۔شہر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور تاجری برادری سمیت بڑی تعداد میں مقامی افراد فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے شریک ہوئے۔سی پی او ملتان کے گرائونڈ میں پہنچنے پر کھلاڑی اور شریک شہری پرجوش ہو گئے ان کا پھولوں سے استقبال کیا اور سی پی او ملتان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں ۔فائنل میچ ملتان اور راجن پور کی ٹیموں کے درمیان ا سپورٹس گرائونڈ وحدت کالونی میں کھیلا گیا۔فائنل میچ کا آغاز سی پی او ملتان نے کک لگا کر کیا ۔آخر میں سی پی او ملتان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔