پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر شدید مایوسی ہوئی ہے،کراچی چیمبر

49

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 7 روپے 45 پیسے اور 9 روپے 56 پیسے اضافے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضافہ نہ صرف کاروبار کرنے کی لاگت کو متاثر کرے گا بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کو خاص طور پر عام لوگوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کرے گا۔ایک بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے کسی بھی قسم کا بوجھ بانٹنے یا پھر اپنی ذمہ داریاں نہ نبھانے کا فیصلہ کرلیاہے کیونکہ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی معیشت کا سارا بوجھ یا تو صنعتوں پر یا غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے جس کی وجہ سے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان بین الاقوامی منڈیوں میں بڑھتے ہوئے رجحان کے مطابق کیا گیا ہے لیکن موجودہ حالات میں جب پوری قوم مہنگائی کی چکی میں پِس رہی ہو حکومت کو بین الاقوامی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو متاثر کرنے کے بجائے انتہائی زیادہ پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں سے معمولی حصہ قربان کر کے نرمی سے کام لینا چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ بجٹ میں کیے گئے اعلانات سے تاجر برادری کے ساتھ ساتھ عام آدمی بالخصوص تنخواہ دار افراد ابھی تک صدمے کی حالت میں ہیں جن میں بھاری ٹیکس عائد کیے گئے اور اب انہیں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا خمیازہ بھی بے دردی سے اٹھانے پر مجبورکیا جارہا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتی پیداوارپرانتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔