محرم میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت بر قرار رکھا جائے ،ڈاکٹر رشید مسعود

56

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر میرپور خاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام قربانی و ایثار کا درس دیتا ہے اور عشرہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع امن کمیٹی اور ضلع بھر کے مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے گزر گاہوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں اور 15مددگار پولیس سینٹر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے اور تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی بھی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے ساتھ ایمبولینس، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے حیسکو کے ایکسین علی رضا بھٹی کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم میں مجالس کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا اور پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جائے گا اس موقع پر ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے ماہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کا کانٹیجسی پلان بنایا گیا ہے اور ضلع بھر میں 107 جلوس نکالے جائیں گے جس میں سے 25 جلوس انتہائی حساس ہیں اور بتایا کہ ضلع بھر میں ہونے والے مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لئے 1500پولیس اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہوں گے جبکہ رینجرز اور ایک فوج کا جوان بھی معمور ہو گا اور بتایا کہ کسی بھی مذہبی مسئلے کے حل کے لئے تحصیل سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی اجلاس میں ضلع امن کمیٹی کے ممبران حافظ مولانا صادق سعیدی، مولانا حفیظ الرحمن فیض، مولانا التماس صابر، مولانا محمد بخش قادری، مولانا سید ضیا حیدر نقوی، سید عمیر نقوی، سید حمزہ علی نقوی، واحد حسین پہلوانی، ڈاکٹر سید ثاقب کاظمی، مولانا سید ضیا الحسن کاظمی، مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سید صغیر نقوی، سید جعفر کاظمی، س?د تصور رضا کاظمی، سجاد رند، امام بارگاہ عزا خانہ چاکی پاڑہ کے سید محمد علی نقوی، سید مرتضیٰ نقوی، مظہر گورچانی، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جیرام داس، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔