لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی زیر صدارت منصورہ میں امرا و قیمین اضلاع کا اجلاس منعقد ہوا، صوبائی سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، نائب امیر صوبہ رانا عبد الوحید، امیر حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ، متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، بلوں میں مسلسل اضافہ اور ظالمانہ بجٹ کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ شہباز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.56 روپے فی لیٹر تک اضافہ کرکے عوم کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول 258.16 روپے سے بڑھ کر 265.61روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 9 روپے 56 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 267.89 روپے سے بڑھ کر 277.49 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 76برسوں سے پاکستان کو جس بے دردی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔وقت کا تقاضا ہے کہ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کرنے کے بجائے تجوریاں بھریں اور ملک و قوم کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔