ڈی سی سجاول کی زیرصدارت محرام کے حوالے سے اجلاس

62

سجاول(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق دربار ہال سجاول میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالکریم سنگراسی کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس ، رینجرز، محکمہ صحت، پبلک ہیلتھ، حیسکو، لوکل گورنمنٹ، ٹاؤن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت مختلف مکتبہ فکر کے علما کرام اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ محرم الحرام کے دوران پانی، بجلی، صفائی، سیکورٹی، میڈیکل کیمپس اور دیگر تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ اجلاس کو رینجرز اور پولیس افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی پلان تشکیل دیکر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ضلع بھر میں پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ خواتین کی مجالس کے مقامات پر لیڈیز رضاکاروں کے ساتھ لیڈیز پولیس کو تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر علما کرام و دیگر تمام شرکا نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔