لاڑکانہ: آٹھویں جماعت کی طالبہ اغواء، سول سوسائٹی سراپا احتجاج

24

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) بھینس کالونی سے چند روز قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی آٹھویں جماعت کی 14 سالہ طالبہ شمائلہ عرف دُعا بروہی کے اہل خانہ نے سول سوسائٹی کے نمائندوں اور وکلاء کے ساتھ مل کر احتجاج کیا۔ اس کی بازیابی کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا، جہاں انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر معروف قانون دان یاسمین بروہی، ایڈووکیٹ عبدالستار حالی، ایڈووکیٹ سلمیٰ بھٹو، فیروز علی، عبدالرؤف اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی شمائلہ عرف دُعا بروہی 13 جون کو بھائنس کالونی میں سالانہ پیپر دینے پرائیویٹ اسکول گئی تھی جس کے بعد وہ گھر واپس نہیں آئی۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ بیٹی شمائلہ عرف دُعا بروہی کو بااثر شعیب بروہی نے اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر اغوا کیا ہے جس کا مقدمہ تھانہ رحمت پور میں درج ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، وزیر اعلیٰ، آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف کارروائی ، دُعا بروہی کو بازیاب کرایا جائے اور بے چینی کو دور کیا جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔