حیسکو نے ناجائز بلنگ سے عوام و ذہنی مریض بنادیا ،جماعت اسلامی

78

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان اور جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی حیدرآباد کے صدر عبدالباسط خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حیسکو حکام اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں قطعی طور پر ناکام ہو چکے ہیں، حیسکو کے اعلیٰ حکام افسران اور عملے نے عوام دشمنی کا کھلا مظاہرہ کیا ہے، جون کے مہینے میں لوڈشیڈنگ اور فالٹ کے نام پر عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ،بلو ں کی وصولی اور کنڈا سسٹم کی مضبوطی سختی کے ساتھ قائم کی زائد بلنگ اور ناجائز دیڈیکشن بلز کے ذریعے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے جبکہ حکومت اور خصوصاً پیپلز پارٹی اور حیدرآباد کے منتخب نمائندوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لطیف آباد حیسکو حسین آباد سب ڈویژن لطیف آباد نمبر4 میں ٹرانسفارمر خراب ہوگیا ہے، لطیف آباد کے ایکسین سجاد میمن کی بہن بھی وہاں رہاش پزیر ہیں، انہوں نے ٹرانسفارمر درست کرانے کے بجائے سڑک پار سے غیر قانونی طور پر شہید امید علی سب ڈویژن کی حدود حمزہ شادی لان نمبر5 کے ٹرانسفارمر سے بہن کے گھر کنڈا لگوادیا یہ کام حیسکو کے عملہ نے کرین ٹرالی لگا کر انجام دیا ،زیادہ لوڈ پڑنے سے یہ ٹرانسفارمر بھی اڑگیا، 12 گھنٹے سے زائد ہوگئے یہاں کی بجلی بند ہے، یوپی ایس جواب دے گئے ،پانی کا مسئلہ ہ شدت اختیار کر گیا ،ستم بالائے ستم یہ ہے کہ گرمی کی شدت سے ایک خاتون قمر سلطانہ زوجہ شبیر آرائیں جاں بحق ہوگئیں، ان کے گھر میں کہرام ہے، لوگ حیسکو حکام اور حکمرانوں کو جھولی پھیلا کر بددعائیں دے رہے ہیں، حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر جلدی درست نہیں ہوسکتے۔کیا حکومت اور حیسکو ایکسین لطیف آباد سجاد میمن کے خلاف کوئی کارروائی کرے گی؟انہوں نے غیر قانونی طور پر کنڈا لگوایا۔ ایک سب ڈویژن سے دوسرے سب ڈویژن کو لائن دی۔ مین روڈکراس کراتے ہوئیؑ انتہائی بوسیدہ تار کا استعمال کیا گیاجو کسی حادثے کا سبب بن سکتا تھاجو ابھی لگا ہوا ہے، حیسکو کا نچلا عملہ اسے ہٹانے سے قاصر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لطیف آباد نمبر11میں بھی ٹرانسفارمر گزشتہ تین ہفتوں سے خراب پڑا ہے شدید گرمی اور حبس میں پوری آبادی اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے اب تک حیسکوحکام نے اس ٹرانسفارمر کو اتارا بھی نہیں ہے، درست کرانا دور کی بات ہے جبکہ حکمران پارٹی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جو آپ کے علاقے سے ایم پی اے جیتا ہے اسے کہو کہ وہ لگوائے۔سیاسی انتقامی کارروائیوں کی حیدرآباد شہر کو آماج گاہ بنا دیا گیا ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کو کوئی حکمران سیاسی جماعت یا ان کے نمائندے تیار نہیں ہیں۔