بجلی چوری روکنے ،100فیصد وصولیوں کیلیے منصوبہ بندی کر لی گئی

80

اسلام آباد(آن لائن)بجلی چوری روکنے اور وصولیاں 100 فیصد تک لے جانے کیلیے اہم منصوبہ بندی کر لی گئی،فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئی ایس آئی، ایم آئی، تقسیم کار کمپنیوں کے ایماندار افسران پر مشتمل سپورٹ یونٹ قائم کیے جائینگے۔تقسیم کار کمپنی کے سی ای او اور سیکٹر کمانڈر سول آرمڈ فورسز ڈائریکٹر ہونگے ۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے سمری کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ارسال کردی ہے اور سمری کی منظوری اگلے ایک دوروز میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پہلا یونٹ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی میں قائم ہوگا۔تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے 1ہزار780ارب روپے کے واجبات وصول کرنے میں ناکامی پر یہ منصوبہ سازی کی گئی ۔بدانتظامی کی وجہ سے اصلاحات پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ذرائع کے مطابق میپکو میں سپورٹ یونٹ کے بعد دیگر کمپنیوں میں سپورٹ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ڈسکو سپورٹ یونٹ سیکرٹری پاور ڈویژن کو براہ راست رپورٹ کرے گا۔