اے این پی نے بھی نئے انتخابات کے مطالبے کی تائید کردی

64

پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی نے بھی جمعیت علماء اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان کے نئے انتخابات کے مطالبے کی تائید کردی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کے رہنما اور صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کو ہونے والے انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت کی اور الیکشن کمیشن ناکام رہا، 2024ء کے انتخابات 2018ء کے الیکشن سے بھی زیادہ دھاندلی زدہ تھے، سب جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، یہ دھاندلی زدہ اور مداخلت زدہ انتخابات تھے، اس لیے جیتنے اور ہارنے والے دونوں نتائج تسلیم نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو امید تو تھی کہ ملک میں غیرجانبدار انتخابات ہوں گے مگر ایسا نہ ہوسکا بلکہ انتخابات نے ملک کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، ملک میں غیرجانبدار اور مداخلت سے پاک الیکشن ہوگا تو مرض میں کمی آئے گی اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگا ورنہ مرض بڑھتا جائے گا۔