اسد قیصر اور راجا پرویز اشرف دور میں خلاف قواعد ملازمین کو نہ نکالنے کا فیصلہ

108

 

اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کے سابق اسپیکرزاسد قیصر اور راجہ پرویز اشرف کے دور میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں خلاف قواعد و قانون بھرتی ہونے والے ملازمین کو ملازمت سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ان ملازمین کی خلاف قواعد بھرتی میں سابق اسپیشل سیکرٹری چوہدری مبارک اور سابق ایڈیشنل سیکرٹری یاسین سلیمی ملوث نکلے جنہوں نے اسد قیصر اور راجہ پرویز اشرف کو گمراہ کیا ،سپیکرایاز صادق نے دونوں سابق افسران کی غلطیوں کی سزا ملازمین کو دینے سے انکار کر دیا تاہم خلاف قواعد ترقیاں حاصل کرنے والے تمام افسران و ملازمین کی تنزلی کر دی گئی ہے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملازمین کے تحفظ کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سابق اسپیکرز اسد قیصر اور راجہ پرویز اشرف دور میں بھرتی ملازمین نہ نہ نکالنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ،دونوں اسپیکر ز نے اپنے ادوار میں خلاف قواعد600 سے زائد ملازمین بھرتی کیے تھے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملازمین کی خلاف قواعد و قانون بھرتی کا ذمہ دار سابق سپیشل سیکرٹری ایڈمن چوہدری مبارک نکلاجنہوں نے دونوں اسپیکرز اور فنانس کمیٹی کو گمراہ کیاجبکہ سابق اسپیشل سیکرٹری ایڈمن نے سیکرٹری جنرل طاہر حسین کو بھی بائی پاس کیا اس کے علاوہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری یاسین سلیمی بھی ان کا ساتھ دیتے رہے ،دونوں افسران کو نوکری سے فارغ کردیا گیا،بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے نے اندرونی تحقیقات کے بعد کسی ملازم کونہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔آن لائن کا رابطہ کرنے پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ افسران کی سزا ملازمین کو نہیں دے سکتا،پہلے ہی بیروزگاری بہت زیادہ ہے کسی کو نوکری سے محروم کرنا میرا ایجنڈا نہیں،جہاں جہاں بے قاعدگیاں ہوئیں اس کی تحقیقات جاری ہیں،خلاف قانون و قواعد ترقیاں حاصل کرنے والوں کی تنزلی کردی گئی ہے۔