چینی کی برآمد و قیمتوں کے امور سے متعلق کابینہ کمیٹی تاحال تشکیل نہ دی جا سکی

91

 

اسلام آباد (آن لائن)چینی کی برآمد اور قیمتوں کے امور سے متعلق کابینہ کمیٹی تاحال تشکیل نہ دی جا سکی ۔وفاقی کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں چینی کی برآمد اور قیمتوں کے کنٹرول کیلئے کابینہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کا مقصد چینی کی برآمد کے بعد قیمتوں پر نظر رکھنا تھا،کمیٹی نے قیمتوں میں اضافے کی صورت میں فوری طور پر چینی کی برآمد روکنے کی سفارش کرنا تھی ۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چینی کی زائد پیداوار کے بعد برآمد کی اجازت دی تھی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو چینی کے وافر ذخائر کی موجودگی پر بریف کیا گیا تھا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی برآمد کی صورت میں قیمتوں میں اضافے کو ہر قیمت پر رد کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی مشروط منظوری دی تھی۔