کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گاڑی کے لیے نمبر پلیٹ’’1‘‘ مزمل کریم نامی کاروباری شخصیت نے سب سے زیادہ بولی لگا کر 10 کروڑ روپے میں خریدلی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوئی ، 40 نمبر پلیٹس نیلام کرکے سندھ حکومت کو 67 کروڑ54 لاکھ روپے ملے، سندھ سرکار اس رقم سے سیلاب زدگان کے لیے 2251 گھر تعمیر کرے گی۔گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی نیلامی میں پریمیئم کیٹگیری، گولڈ اورسلور کیٹگری کو رکھا گیا، بولی لگانے والوں نے اپنے لکی نمبر کی نمبر پلیٹ لینے کے لیے اچھی سے اچھی بولی لگائی۔نمبر پلیٹ1 سب سے زیادہ 10 کروڑ روپے میں نیلام ہوئی جبکہ نمبر 2 کی پلیٹ 3 کروڑ 70 لاکھ ، نمبر3 کی پلیٹ3 کروڑ 60 لاکھ ،4 کی نمبر پلیٹ 3 کروڑ20 لاکھ ، 5 کی نمبرپلیٹ 5 کروڑ 30 لاکھ ،6 نمبرکی پلیٹ 2 کروڑ30 لاکھ ،نمبر7 کی پلیٹ4 کروڑ 60 لاکھ، نمبر8 کی پلیٹ 4 کروڑ 10 لاکھ،نمبر9 کی پلیٹ 4 کروڑ اورنمبر 10 کی نمبرپلیٹ ایک کروڑ40 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔کچھ خاص نمبر جن میں 0007 کی نمبر پلیٹ ایک کروڑ10 لاکھ ، 786 کی نمبرپلیٹ2کروڑ 65 لاکھ ، 110 کی نمبر پلیٹ 90 لاکھ، 0001 کا نمبرایک کروڑ 5 لاکھ، 111 نمبرپلیٹ ایک کروڑ 10 لاکھ ، 333 کی نمبر پلیٹ 67 لاکھ ،555 کی نمبر پلیٹ 85 لاکھ روپے، 777 نمبر پلیٹ ایک کروڑ 35 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔حکومت سندھ بہت جلد پریمئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کرے گی، جس کا مقصد تعمیر نو کے لیے اضافی وسائل پیدا کرنا ہے۔