مصر اور یورپی یونین میں 67.7ارب یورو کے معاہدے

92

مصری وزیراعظم مصطفی مدبولی نے قاہرہ میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران بتایا کہ طرفین کے درمیان 67.7ارب یورو مالیت کے مختلف معاہدے طے پائے ہیں۔ کانفرنس میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی ،یورپی یونین کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن اور مصری وزیراعظم مصطفی مدبولی نے شرکت کی۔ یورپی یونین کے وفد نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ کانفرنس مصر اور یورپی یونین کے درمیان مارچ 2024 ء میں طے پانے والی سیاسی و اقتصادی شعبوں میں مطابقت اورتعاون کے نئے مراحل کی ایک اہم کڑی ثابت ہوئی ہے۔ صدر السیسی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ یورپی یونین کے ساتھ مصر کے تعلقات میں تعاون کے مختلف شعبوں کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم مدبولی نے خواہش ظاہر کی کہ اس قسم کی کانفرنس کا انعقاد ہر سال ہونا چاہیے۔ مدبولی نے بتایا کہ یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے مختلف معاہدوں میں گرین ہائیڈروجن، برقی موٹر گاڑیاں، بنیادی ڈھانچے، جدید نقل وحمل، اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت 35 دیگر شعبے شامل ہیں۔